ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ رائیونڈ والے گھر سے نکلتے نہیں، خود بخود الیکشن جیتنے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کے لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے والہانہ استقبال کیا، ملتان کے لوگوں کی وفاداری کو سلام پیش کرتا ہوں، الیکشن 8 فروری کو ہیں لیکن عوام نے آج ہی اپنا فیصلہ سنا دیا۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ آج مہنگائی، بے روزگاری بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، پاکستان کی فوج اور پولیس کی قربانیوں سے جن دہشت گردوں کو ختم کیا آج وہ دہشت گرد دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں، ایک جماعت نے معاشرے اور اداروں کو تقسیم کیا، آج بھائی بھائی سے لڑ رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ (ن) لیگ اور نواز شریف اب عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے، ہم نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کردیں گے، پورے پاکستان کو جوڑیں گے، ہم سب مل کر معاشی چیلنجز کا مقابلہ کریں گے، ہم ملکر مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کا مقابلہ کریں گے، غربت کا خاتمہ کرکے ہم ایک ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان بنائیں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم نے عوام کے اہم مسائل کو منشور کا حصہ بنایا ہے، کسانوں کو کارڈ کے ذریعے براہ راست سبسڈی دیں گے، عوام کو 300 یونٹ تک بجلی مفت دیں گے، پنجاب میں جنوبی پنجاب سے وزیراعلیٰ بناؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام 8 فروری کو نکلیں اور نواز شریف کا راستہ روکیں، عوام سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالیں اسے ضائع نہ کریں، عوام اور پیپلزپارٹی مل کر شیر کا شکار کریں گے، 8 فروری کو تیر کی بارش ہوگی اور شیر کا شکار ہوگا۔