کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مخالفین ہماری خامیوں کے بعد بھی ہم سے ووٹوں کی بھیک لینے آئیں گے۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سوچ میں سب آزاد ہیں، پاکستان کی عوام بہت باشعور ہیں، ہرجماعت کو کارکردگی دکھانی ہے، سندھ میں پندرہ سالوں سے پیپلزپارٹی کی حکمرانی رہی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ کشمور سے لیکر کراچی تک کے حالات سب کے سامنے ہیں، اگر پیپلزپارٹی کی کارکردگی اچھی ہوتی تو ہم جیسی جماعتوں کو بند ہو جانا چاہئے تھا، ایک جگہ ایسی نہیں جہاں کھڑے ہوں اور مسائل نہ ہوں، دنیا چاند پر جا رہی ہے اور یہاں ہر تیسرے دن خبر آرہی ہوتی ہے کہ بچے گٹر میں گر کر مر رہے ہیں۔
سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم نے کہا کہ سنی تحریک نے حیدر آباد میں حلقہ این اے 219 اور220 میں ایم کیو ایم کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر دیا، 11 دنوں کے بعد انشاء اللہ ہمیں مینڈیٹ ملے گا، مخالفین ہماری ساری خامیوں کو بھول کر ہمارے پاس کھڑے ہوں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم کبھی بھی پیپلزپارٹی کے دروازے پر نہیں گئے ہمیشہ پیپلزپارٹی ہمارے پاس آتی ہے، ہم نے آئینی ترامیم سے متعلق تجاویز کو اپنے منشور کا حصہ بنایا، اگر بلاول بھٹو جیت گئے تو وہ پاکستان کو سندھ بنا دیں گے، الیکشن کمیشن صرف نوٹس جاری نہ کرے ایکشن بھی لے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں اختلافات رکھنے کے بعد بھی سیاسی جماعتیں اتحاد بنا رہی ہیں۔