کراچی: (دنیا نیوز) عام انتخابات 2024ء کیلئے سندھ بھر میں انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی مانیٹرنگ جاری ہے، خلاف ضابطہ اقدامات پر جرمانے، نوٹس جاری، وضاحتیں طلب کر لی گئیں۔
ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کے مطابق خیرپور میں پیپلز پارٹی کی امیدوار نفیسہ شاہ کو خلاف ضابطہ سونے کا تاج پہنانے پر محکمہ خوراک کے ملازم کو 50 ہزار روپے جرمانہ کر دیا گیا۔
حیدرآباد میں این اے 218 اور پی ایس 60 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار طارق شاہ جاموٹ اور جام خان شورو کو بغیر اجازت انتخابی کیمپ قائم کرنے پر نوٹس دیا گیا، گھوٹکی میں سرکاری ملازمین اور بلدیاتی نمائندوں کو انتخابی مہم چلانے پر نوٹس دے کر وضاحت طلب کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق کراچی ایسٹ میں چیئرمین ٹاؤن میونسل کمیٹی چنیسر فرحان غنی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا گیا ہے، کراچی سینٹرل، ویسٹ، کورنگی، ملیر، شہید بینظیر آباد، سکھر، میرپورخاص میں الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیموں کی کارروائیاں جاری ہیں۔
مانیٹرنگ ٹیموں کی کارروائیوں کے دوران خلاف ضابطہ سائن بورڈز، پینا فلیکس، پوسٹرز اور بینرز سمیت تمام دیگر تشہیری مواد کو ہٹوا دیا گیا۔
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔