کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہماری قیادت نے 11، 11 سال جیل کاٹی ہے، اب تھوڑی سی جیل پر لوگوں کو ہمدردی ہو رہی ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت پسند جماعت ہے، ہمیں خان صاحب کی اہلیہ کی سزا پر افسوس ہے، یہ سزا ہم نے نہیں عدالت نے سنائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خاتون ہمارے لئے انتہائی قابل احترام ہے، کاش عمران خان بھی خیال رکھتے کہ باقی مخالفین کی خواتین بھی قابل احترام ہیں، محترمہ فریال تالپور کو کس طرح آدھی رات کو جیل منتقل کیا گیا تھا، جیل جانے والوں سے ہمدردی ہوتی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ تحفے لینے کے لئے توشہ خانہ کے قوانین ہیں، جس تحفہ پرسزا ہوئی وہ گراس کمپنی کی گھڑی پر ہوئی، اس کمپنی نے ایک ہی گھڑی بنائی، خانہ کعبہ کی شبیہ اس پر بنی ہوئی تھی، اس نے گھڑی دی پھر جھوٹ بولا ہم نے گھڑی نہیں بیچی۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ گھڑی خریدنے، پیسے جمع کرنے کی منی ٹریل نہیں دی، گھڑی خود استعمال کرنے کے لئے خریدی جاتی ہے نہ کہ مارکیٹ میں بیچنے کے لئے۔