لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے عام انتخابات میں بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی امیدواروں کو یکساں میڈیا کوریج دینے کا حکم دے دیا۔
جسٹس شمس محمود مرزا نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر 10 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 17 ہر شہری کو آزادی اظہار رائے سمیت دیگر حقوق فراہم کرنے کا پابند کرتا ہے، عام انتخابات کے لیے الیکشن مہم اور اپنا منشور بتانے کی تشہیر بنیادی حق ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ صاف شفاف انتخابات کے لیے آزاد میڈیا کے ذریعے آزادی اظہار رائے ہونی چاہیے، آزادی اظہار کے بغیر انتخابات کو صاف اور شفاف قرار نہیں دیا جا سکتا۔
لاہور ہائی کورٹ نے تحریری فیصلے میں نواز شریف اور بینظیر بھٹو کے فیصلوں کا حوالہ بھی دیا۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ٹی وی چینلز پر کوریج نہ ملنے کا اقدام ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔