ریاست مخالف تقاریر کا الزام: علیمہ خان 6 فروری کو ایف آئی اے طلب

Published On 03 February,2024 01:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کو 6 فروری کو ایف آئی اے نے طلب کر لیا۔

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے علیمہ خان کو انسدادِ دہشتگردی ونگ میں پیش ہونے کا نوٹس دیا ہے، ان پر ریاست مخالف نفرت انگیز مجرمانہ سازش کا الزام ہے۔

علیمہ خان کے خلاف وزارتِ داخلہ کے سیکشن افسر کی شکایت پر انکوائری درج کی گئی جبکہ دیگر پر بھی ریاست مخالف مجرمانہ سازش کی انکوائری کی جا رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ اور دیگر کیخلاف الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ذریعے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پھیلانے کی انکوائری درج کی گئی ہے۔

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ پر الزام ہے کہ انہوں نے مختلف ریاستی اداروں کو بدنام کرنے اور فوج اور عوام کو تقسیم کرنے کی سازش کی۔