کراچی: (دنیا نیوز) مرکزی رہنما ایم کیو ایم مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 8 فروری کو الیکشن جیتنے کے بعد کراچی کی بلدیاتی حکومت ختم کریں گے۔
رہنما ایم کیو ایم نے بارش کے بعد شہر قائد کی ابتر صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زمین تو زمین متحدہ نے اپنے دور میں سمندر کے اندر پانی کی لائن ڈال کر دکھائی، کل ثابت ہوگیا کہ میئر اگر کرپٹ ہوگا تو کتنا ہی پیسہ دے دو شہر میں کام نہ ہوگا نہ ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کو یہ بارش دھو بھی گئی ہے اور بھگو بھی گئی ہے، یہ ثابت ہوگیاہے ایم کیو ایم سے بہتر نہ کراچی کو کوئی ٹھیک کرسکا نہ کرے گا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آج سندھ میں روزانہ70 سے80 بچےکتےکےکاٹنےکاشکارہورہے،اخبارات ایسے واقعات سے بھرے پڑےہیں،یہاں غریب کے بچوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
رہنما ایم کیوایم کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو الیکشن جیتنے کے بعد سب سے پہلے یہاں کی بلدیاتی حکومت ختم کریں گے، انہیں مزید چار سال اپنے اوپر مسلط نہیں رہنے دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو گمان تھا کہ مشرف صاحب پیسے دیتے تھے اور کام ہوگیا تو کیا بڑی بات ہے، انہوں سے کراچی کیلئے تین سو ارب روپے جاری کئے تھے، موجودہ حکمرانوں کو بائیس ہزار ارب ملے، 15 سالوں کی حکمرانی کے بعد ایک علاقہ بھی ایسا نہیں بچنا چاہئے تھا جہاں کام ہونا باقی ہو۔