ملک بھر میں بلا تعطل موبائل اور انٹرنیٹ سروس جاری رکھنے کا حکم برقرار

Published On 06 February,2024 12:14 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے ملک میں بار بار انٹرنیٹ سروس کی بندش اور تعطل پر اظہار برہمی کیا ہے۔

چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے سندھ ہائی کورٹ میں ملک میں بار بار انٹرنیٹ سروس کی بندش اور تعطل کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

چیف جسٹس نے ملک میں بار بار انٹرنیٹ سروس کی بندش کے معاملے پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا انٹرنیٹ نہیں چلتا تو کہیں اور کیا چلتا ہو گا، لگتا ہے الیکشن کے بعد ٹھیک ہو جائے گا۔

عدالت نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بلا تعطل بحال رکھنے سے متعلق حکم امتناع اور موبائل انٹرنیٹ سروس بلاتعطل جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے پی ٹی اے کے وکیل کی عدم حاضری پر سماعت 21 فروری تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ انٹرنیٹ سروس سے متعلق پی ایس 110 سے آزاد امیدوار ایڈووکیٹ جبران ناصر نے درخواست دائر کی تھی۔