الیکشن ڈیوٹی: خیبرپختونخوا حکومت نے فوج طلب کر لی

Published On 06 February,2024 03:56 pm

پشاور:(دنیا نیوز) الیکشن ڈیوٹی کے لئے خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق سے پاک فوج کی نفری طلب کرلی۔

محکمہ داخلہ کی دستاویز میں کہا گیا ہے کہ الیکشن سکیورٹی کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں، پولنگ ڈے پر خیبرپختونخوا میں 19 ہزار 798 پاک فوج کے جوانوں کو تعینات کرنا ہے۔

ذرائع محکمہ داخلہ کا کہنا تھا کہ پولنگ ڈے پر 91 ہزار 33 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ 24 ہزار 109 ایڈمن سٹاف، 14 ہزار 821 خواتین،14 سرچر بھی تعینات ہوں گے۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کے روز پولیس کے 1 ہزار 77 کیو آر ایف اہلکار بھی ڈیوٹی پر معمور کئے جائیں گے۔

دستاویز کے مطابق برفباری علاقوں میں قائم 14 سو 95 پولنگ اسٹیشن کے لیے بھی انتظامات جاری ہیں، پولنگ ڈے پر 590 ٹریکٹر، 194 ڈوزر، 175 ریکوری وہیکل کی ضرورت ہے،

محکمہ داخلہ کے پی کے کا کہنا تھا کہ پولنگ سٹیشنز میں اب تک 10 ہزار 259 میں سی سی ٹی وی کمرے نصب کی گئی جبکہ5 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام جاری ہے۔