لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رات 12 بجے کے بعد انتخابی مہم چلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہو جائے گی، آج رات 12 بجے کے بعد کسی قسم کی انتخابی مہم و تشہیر کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: این اے 127: ووٹوں کی خریداری کا معاملہ، ن لیگ اور پی پی میں صلح
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ دیہی علاقوں میں پولنگ سٹیشن سے چار سو میٹر جبکہ گنجان آباد علاقوں میں امیدوار یا سیاسی جماعتیں پولنگ سٹیشنز سے سو میٹر کے فاصلے پر کیمپ لگا سکتی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ آج رات 12 بجے کے بعد جلسے، جلوس پر پابندی ہو گی، کارنرمیٹنگ یا اس نوعیت کی کسی سیاسی سرگرمی پر پابندی ہو گی، 12 بجے کے بعد انتخابی مہم، اشتہارات و دیگر تحریری مواد کی تشہیر پر پابندی ہوگی۔
ای سی پی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ انتخابی عمل کے انعقاد تک میڈیا پر ہر قسم کے پول سروے پر بھی پابندی ہوگی، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ پرسختی سےعمل کرے گا، خلاف ورزی پر پیمرا اور پی ٹی اے کو قانونی کارروائی کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا ہے کہ پولیس اور ڈسٹرکٹ اینڈ ریٹرننگ افسران ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے پابند ہیں، خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہوگی۔