پرانے سیاستدان نفرت کی سیاست سے ملک کو خطرے میں ڈال رہے ہیں: بلاول بھٹو

Published On 06 February,2024 07:33 pm

لاڑکانہ: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پرانے سیاستدان نفرت کی سیاست کی وجہ سے ملک کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے میرے خاندان کے ساتھ وفاداری کرکے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے، جب لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے تو پورے ملک کی نمائندگی ہوتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کے علاوہ کچھ نہیں جانتے، جو جماعتیں الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں ماضی کا حصہ بن چکی ہیں، وہ اپنی آخری اننگز کھیل رہی ہیں، ان کو اندازہ نہیں عوام کس مشکل میں ہیں، کیا یہی ہماری قسمت ہے ہم نے بار بار انہی شکلوں کو دیکھنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی والوں نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کر دیا: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب لاڑکانہ کا وزیراعظم بنتا ہے تو محنت کرنے والوں کو ان کا صلہ بھی ملتا ہے، جب لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے تو پاکستان ایٹمی طاقت بن جاتا ہے، بڑے عرصے سے ملک نے لاڑکانہ کا وزیراعظم نہیں دیکھا۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ ان کی سیاست اب سیاست نہیں رہی، پرانے سیاستدانوں کی ضد اور انا کی وجہ سے معیشت کو نقصان ہوا، ان لوگوں نے سیاست کو سیاست نہیں بلکہ گالی بنا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عوام جانتے ہیں پیپلزپارٹی ہی مسائل حل کرسکتی ہے: بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ ان کو معلوم ہونا چاہئے کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں، عوام ان کو بھی پہچانتے ہیں اور ان کے طریقہ کار کا بھی پتہ ہے، اب یہ چوتھی بار وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھنا چاہتا ہے جبکہ یہ جمہوریت کیساتھ کیا کر رہے ہیں؟

چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ ان کی ضد کی وجہ سے معیشت کیساتھ کیا ہو رہا ہے، انہیں عوام کی فکر ہی نہیں ہے، ان لوگوں نے عوام کو اپنا منشور تک نہیں بتایا، یہ لوگ پاکستانی عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔