سادہ اکثریت ملتی ہے تو وزیر اعظم نواز، ورنہ فیصلہ مشاورت سے ہوگا: شہباز شریف

Published On 07 February,2024 09:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر ہمیں سادہ اکثریت ملتی ہے تو ہمارے وزیر اعظم کے امیدوار نواز ہوں گے، اگر سادہ اکثریت نہیں ملتی تو وزارت عظمیٰ کا فیصلہ مشاورت سے ہو گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ کل عوام اس بات کا فیصلہ کریں گے کونسی پارٹی ملک میں حکومت بنائے گی، ہمیں بڑے فیصلے کرنا ہوں گے، ایسے اثاثوں کو بیچنا چاہئے جو نقصان کر رہے ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں بچوں اور بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے، ہم نے ڈھائی لاکھ ٹیچر اپنے دور میں بھرتی کیے تھے اور وہ سب میرٹ پر بھرتی کیے، ہم نے ان ٹیچرز کیلئے مناسب ٹریننگ کا بھی آغاز کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات: 76 فیصد پاکستانیوں کا الیکشن نتائج تسلیم کرنے پر آمادگی کا اظہار

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہمیں مل کر تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنا ہے، آئی ٹی کے شعبے میں بھی کام کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ میٹنگ میں تین خواتین موجود تھیں، پنجاب میں ہزاروں خواتین کیلئے ووکیشن سینٹر قائم کیے، خواتین کا پہلا سینٹر ملتان میں مسلم لیگ ن نے قائم کیا۔