لاہور: (دنیا نیوز) عام انتخابات 2024 کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور کے مختلف علاقوں میں سروس معطل ہے، موبائل سروس متاثر ہونے پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اس کے علاوہ ملتان میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہے، فیصل آباد، بہاولپور، ایبٹ آباد میں موبائل سروس متاثر ہو رہی ہے۔
ترجمان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں موبائل سروس کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، امن وامان کی صورتحال کو قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی اے کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ملک میں انٹرنیٹ کی بندش نہیں ہوگی۔