اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ ملک میں پر امن طریقے سے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
اسلام آباد میں کامن ویلتھ آبزرویشن کے سربراہ ڈاکٹر گڈلک جوناتھن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ الیکشن سے متعلق کوئی تشویشناک بات نہیں ہے، ملک میں پر امن پولنگ ہو رہی ہے، ہر پارٹی کے کیمپس موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 6 لاکھ سے زائد سکیورٹی اہلکار ملک بھر میں تعینات ہیں، بلوچستان میں ہماری تمام فورسز ذمہ داری سے ڈیوٹی دے رہی ہیں، الیکشن میں ہماری پولیس،آرمڈ فورسز اور لیویز ذمہ داری ادا کر رہی ہیں۔
نگران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ جو بھی حکومت بنے وہ ملک کو آگے لے کر چلے اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔
اس موقع پر کامن ویلتھ آبزرویشن کے سربراہ ڈاکٹر گڈلک جوناتھن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت نے انتخابات کیلئے بہترین لائحہ عمل ترتیب دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ کے مبصرین نے مختلف پولنگ سٹیشنز کا معائنہ کیا، انتخابی عمل کا مشاہدہ کیا ہے، پاکستان میں انتخابات پرامن انداز میں ہو رہے ہیں۔