اسلام آباد: (دنیانیوز) پاکستان تحریک انصاف نے پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔
تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باضابطہ درخواست جمع کروانے کا فیصلہ کر لیا، چیف آرگنائزر تحریک انصاف عمر ایوب خان نے کہا کہ موبائل اور انٹرنیٹ کی بندش اور بے پناہ رکاوٹوں کے باوجود بڑی تعداد میں ووٹ کیلئے نکلنے پر عوام کے شکرگزار ہیں۔
عمر ایوب خان نے مزید کہا کہ الیکشن عملے کی جانب سے پولنگ کے عمل کو سست روی کا شکار کرنے کی بے پناہ شکایات موصول ہوئی ہیں، بڑی تعداد میں لوگ پولنگ سٹیشنز کے باہر اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے موجود ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان پولنگ کے وقت میں کم از کم ایک گھنٹے کی توسیع کرتے ہوئے پولنگ کو 6 بجے تک جاری رکھنے کا اعلان کرے، زیادہ سے زیادہ ووٹرز کو اپنے ووٹ کے حق کے استعمال میں معاونت کی جائے اور انہیں ووٹ ڈالنے کا موقع دیا جائے۔