راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر نے عام انتخابات 2024 کے کامیاب انعقاد پر پوری پاکستانی قوم، نگران حکومت، الیکشن کمیشن آف پاکستان، سیاسی جماعتوں اور تمام جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے عام انتخابات کے حوالے سے پاکستان قوم کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کی اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے لیے آزادانہ اور بلا روک ٹوک شرکت جمہوریت کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قیادت اور اہلکار بے تحاشا مشکلات کے باوجود انتخابی عمل کے لیے محفوظ ماحول بنانے کے لیے ہماری سب سے زیادہ تعریف کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ قومی میڈیا، سول سوسائٹی، سول انتظامیہ اور عدلیہ کے ارکان کے تعمیری کردار نے قومی تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی مشق کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنایا، تمام جمہوری قوتوں کی نمائندہ متحد حکومت، پاکستان کی متنوع سیاست اور تکثیریت کو قومی مقصد کے ساتھ بہتر طریقے سے پیش کرے گی۔
چیف آف آرمی سٹاف کا کہنا ہے کہ انتخابات اور جمہوریت پاکستان کے عوام کی خدمت کا ذریعہ ہیں، قوم کو انتشار اور پولرائزیشن کی سیاست سے آگے بڑھنے کے لیے مستحکم ہاتھوں اور ایک شفا بخش رابطے کی ضرورت ہے، پولرائزیشن اور انتشار 250 ملین آبادی والے ترقی پسند ملک کے لیے موزوں نہیں ہے۔
جنرل عاصم منیر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انتخابات جیتنے اور ہارنے کا مقابلہ نہیں بلکہ عوام کے مینڈیٹ کا تعین کرنے کی مشق ہے، سیاسی قیادت اور ان کے کارکنوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر حکومت اور عوام کی خدمت کرنے کی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا چاہیے جو جمہوریت کو فعال اور بامقصد بنانے کا واحد راستہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جیسا کہ پاکستان کے عوام نے آئین پاکستان پر اپنا مشترکہ اعتماد ظاہر کیا ہے اب تمام سیاسی جماعتوں پر فرض ہے کہ وہ سیاسی پختگی اور اتحاد کے ساتھ اس کا جواب دیں، جب ہم اس قومی سنگ میل سے آگے بڑھتے ہیں تو ہمیں اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ آج ملک کہاں کھڑا ہے اور باقی اقوام میں ہمارا صحیح مقام کہاں ہونا چاہیے۔
اپنے پیغام کے آخر میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتخابات سیاسی اور معاشی استحکام لائیں اور ہمارے پیارے پاکستان کے لیے امن اور خوشحالی کا مرکز ثابت ہوں۔