لاہور: (دنیا نیوز) 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں بلوچستان اور سندھ کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج مکمل ہو گئے جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے رزلٹ آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کی 51 جنرل نشستوں پر کسی بھی ایک سیاسی جماعت کو اکثریت حاصل نہیں ہو سکی، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق صوبائی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) 11، 11 سیٹیں جیت کر آگے ہیں۔
بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) نے 10، آزاد امیدوار 6، بلوچستان عوامی پارٹی نے 4 اور نیشنل پارٹی نے 3، عوامی نیشنل پارٹی کے 2، بی این پی مینگل، بی این پی عوامی، جماعت اسلامی اور حق دو تحریک کا ایک ایک امیدوار کامیاب ہوا ہے۔
سندھ اسمبلی
سندھ میں پیپلز پارٹی 130 میں سے 84 جنرل نشستیں جیت کر صوبے میں دوبارہ حکومت بنانے کے قابل ہو گئی ہے، صوبے میں ایم کیو ایم پاکستان 28 سیٹیں جیت کر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امید وار 11 نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں، دیگر جماعتوں کے 7 ارکان بھی سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہو گئے ہیں۔
سندھ اسمبلی کی 84 جنرل نشستیں لینے کے بعد پیپلز پارٹی 20 خواتین اور 6 اقلیتوں کی مخصوص سیٹوں کی بھی حق دار قرار پائی ہے یوں پیپلز پارٹی ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سندھ اسمبلی میں 100 سے زائد نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔
پنجاب
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) پنجاب میں سب سے زیادہ نشستیں جیتنے والی پارٹی بن گئی، (ن) لیگ نے صوبے کی 297 میں سے 137 جنرل سیٹیں حاصل کی ہیں، تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار 112 نشستیں لے کر صوبے میں دوسرے نمبر پر آگئے، پیپلز پارٹی نے 10 سیٹیں جیتی ہیں جبکہ آزاد امیدوار 26 اور دیگر جماعتوں کے امیدوار 12 نشستوں پر کامیاب ہوئے۔
خیبرپختونخوا
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 115 میں سے 83 جنرل نشستیں جیت لی ہیں، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار 7 سیٹوں کیساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، مسلم لیگ (ن) 5 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ آزاد امیدوار 7 اور دیگر جماعتوں کے امیدوار 9 نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔