اسلام آباد: (دنیا نیوز) عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت کیلئے پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس آج ہوگا۔
پیپلزپارٹی کی سی ای سی کا اجلاس زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس کی صدارت چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری مشترکہ طور پر کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات کے بعد کی صورتحال پر غور کیا جائے گا، عام انتخابات کے نتائج سمیت دیگر امور بھی زیر غور آئیں گے، اجلاس میں مسلم لیگ ن کے ساتھ ہونے والی ابتدائی بات چیت پر بھی غور ہوگا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد ارکان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت سمیت دیگر امور پر بھی مشاورت ہوگی۔
سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں پی پی پی رہنما فریال تالپور، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، مراد علی شاہ شرکت کریں گے، فرحت اللہ بابر، شیری رحمان، ناصر شاہ، نثار کھوڑو، چودھری یاسین ودیگر بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔