لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے این اے 130 سے میاں نواز شریف کی کامیابی کیخلاف درخواست گزار کو ریٹرننگ افسر سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے این اے 130 سے امیدوار اشتیاق چودھری کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ این اے 130 سے نواز شریف کو مبینہ طور پر دھاندلی کے ساتھ کامیاب کروایا گیا، اس حلقے سے میں بھی امیدوار تھا، 14 امیدواروں کو صفر ووٹ ملے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے ریٹرننگ افسر کو درخواست دی، جس پر درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت میری اس پٹیشن کو ہی درخواست تصور کر لے، عدالت ڈائریکشن جاری کر دے تاکہ آج ہی درخواست پر فیصلہ ہوجائے ۔
بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے این اے 130 سے میاں نواز شریف کی کامیابی کیخلاف دائر درخواست پر درخواست گزار کو ریٹرننگ افسر سے رجوع کی ہدایت کر دی۔