لاہور: (دنیا نیوز) سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ کامیاب اراکین اسمبلی کی مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت کے فیصلے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین بانی پی ٹی آئی کی اپنی جماعت ہے اور وہ اس جماعت کے حوالے سے جو چاہے فیصلہ کر سکتے ہیں، ہم اسے بلامشروط اور من و عن قبول کریں گے۔
سربراہ مجلس وحدت مسلمین نے کہا کہ ہمارا روز اول سے یہ موقف بھی رہا ہے اور ہم نے اپنے عمل و کردار سے بھی یہ ثابت کیا ہے کہ ہم کسی جماعت پر بوجھ نہیں بنتے بلکہ مشکل وقت میں باوفا دوست بن کر ساتھ نبھاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا اتحاد، آزاد خارجہ پالیسی، داخلی خودمختاری، سرحدوں کے تحفظ، عالمی طاقتوں کی غلامی سے انکار، مسلم ممالک سے برادرانہ تعلقات اور گلگت بلتستان کی کے لیے آئینی حقوق کے حصول بیانیہ کی بنیاد پر ہے جو خون کے آخری قطرے تک قائم رہے گا۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں پوری قوم مل کر وطن عزیز کو ایک آزاد، خود مختار اور باوقار ریاست بنانے میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔