کوئٹہ : (دنیانیوز) نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں حالات کی سنگینی دیکھیں، راستے بند کرکے احتجاج سے عوام کی مشکلات میں اضافہ نہ کریں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جان اچکزئی نےکہا کہ کچھ سیاسی پارٹیوں کی جانب سے احتجاج آیا ہے، سیاسی پارٹیاں عدالتوں کی طرف بھی جارہی ہیں، قانونی طریقے کی طرف ہی جانا چاہیے، ہم نے ہر حالت میں حکومت کی رٹ قائم رکھنی ہے ، درخواست کرتے ہیں احتجاج کرکے عوام کی مشکلات میں اضافہ نہ کریں۔
نگران وزیر اطلاعات بلوچستان نے کہا کہ چند مقامات پر رکاوٹوں کو ختم کرکے قومی دھارے میں شریک ہوں، صوبے میں 80فیصد سے زیادہ راستہ کھل چکے ہیں، ہم نے تمام راستوں کو بحال کرنا ہے،چمن کھل چکا ہے، ژوب اور ڈی آئی خان کا راستہ بھی کھل چکا ہے، اگر آپ نے الیکشن میں پرفارم نہیں کیا تو اس کا خمیازہ عام شہری کو نہیں پہنچانا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ ہسپتالوں کی طرف جانے والوں نے ایک جگہ سے دوسری جگہ جانا ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ تمام راستے کھلے رکھیں، جو ہارے ہیں ان کے اپنے لوگ کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے اپنے وعدے پورے نہیں کیے۔
صوبائی نگران وزیر اطلاعات کاکہنا تھاکہ سیاسی جماعتوں کو وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، قوم پرستوں کو بھی بلوچستان کی ترقی کو ترجیح دینی چاہیے، بلوچستان کے عوام اچھے مستقبل کے مستحق ہیں، صوبے میں سیاسی جماعتوں کو چاہیے اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کریں۔