کہوٹہ: (دنیا نیوز) پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ایک اور آزاد امیدوار دوبارہ گنتی میں اپنی سیٹ ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ صغیر احمد نے پنجاب کے حلقہ پی پی کہوٹہ کے 68 پولنگ سٹیشن کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست دی تھی، دوبارہ گنتی کے نتیجے میں راجہ صغیر احمد جیت گئے۔
ذرائع کے مطابق دوبارہ گنتی میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ صغیر احمد کے 3 ہزار 621 ووٹ بڑھ گئے، ہارنے والے آزاد امید کرنل (ر) شبیر اعوان نے کہا کہ بیلٹ پیپرز پر ڈبل مہر لگا کر ووٹ مسترد کر دیئے گئے۔
علاوہ ازیں پنجاب کے حلقہ پی پی 90 میں دوبارہ گنتی پر تحریک انصاف کے حمایت یافتہ کامیاب امیدوار عرفان اللہ خان ہار گئے جبکہ آزاد امیدوار احمد نواز خان نوانی 7 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہو گئے ہیں۔
تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار عرفان اللہ خان نے کہا ہے کہ ری کاؤنٹنگ غیر قانونی تھی، فارم 47 جاری ہونے کے بعد مجھے ہرانے کیلئے دوبارہ گنتی کی گئی، ہمارے ووٹ ریجیکٹ کئے گئے، ڈبل مہریں لگائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ جھوک قلندر بخش پولنگ سٹیشن کا ہمارا رزلٹ شامل ہی نہیں کیا گیا، بیلٹ پیپرز والے تھیلے پھٹے ہوئے تھے جو واضح ثبوت ہے کہ جعل سازی کی گئی، زبردستی ہرانے کیخلاف قانونی کارروائی کریں گے، عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹائیں گے۔