کراچی: (دنیا نیوز) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما صفدر عباسی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو جس طرح جتوایا گیا یہ جمہوریت کے نام پر مذاق ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صفدر عباسی نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دوستوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے خیرمقدم کیا، جماعت اسلامی کے موقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں، عام انتخابات میں آئینی و جمہوری تشخص کو پامال کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں لکھے ہوئے فیصلوں کو سنایا گیا ہے، 54 نشستوں اور 90 نشستوں والے وزیراعظم کی نشست کا دعویٰ کر رہے ہیں۔
صفدر عباسی نے کہا کہ اندرون سندھ میں ہمارے امیدواروں نے ڈیڑھ لاکھ ووٹ لے کر بھی شکست کھائی ہے، حافظ نعیم الرحمان کا سیٹ واپس کرنے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے منہ پر طمانچہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کی جانب سے پہلا دھرنا جی ٹی روڈ ٹول پلازہ پر دینے کا فیصلہ کیا ہے، جماعت اسلامی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے دعوت قبول کی ہے۔
صفدرعباسی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اپنے دھرنے میں دعوت دے گی تو ہم قبول کریں گے۔