کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ عوام نے عام انتخابات میں قوم پرست بیانیے کو مسترد کر دیا، عوام نےمرکزی جماعتوں کی حمایت کی۔
نگران صوبائی وزیر جان اچکزئی نے کہا کہ عوامی ردِعمل پیغام ہے کہ قوم پرست ریاست کو بدنام کرنے کی اپنی پالیسیوں کا ازسرنو جائزہ لیں، لاپتہ افراد کے معاملے کو غلط انداز میں استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ وسائل کی لوٹ مار کا نعرہ محض دھوکہ دہی ہے، گزشتہ چاردہائیوں میں صوبہ بلوچستان میں گورننس کا ٹریک ریکارڈ کسی بھی طرح سے خراب نہیں رہا، عوام ٹھوس نتائج اور حقیقی ترقی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
جان اچکزئی نے کہا کہ قوم پرست تخریبی ہتھکنڈوں کو ترک کریں، خدشات کو دور کرنے کے لیے ٹربیونلز کی طرح کے قانونی راستے اختیار کرنے چاہئیں، بلوچستان کے حقیقی مسائل بدعنوانی، میرٹ کی پامالی اور وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم ہیں۔