انتخابات میں پری پول اور پوسٹ پول دھاندلی کی گئی، کل احتجاج اور دھرنا دیں گے: خوشحال کاکڑ

Published On 13 February,2024 07:04 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) پشتونخواہ نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال کاکڑ نے کہا کہ انتخابات میں پری پول اور پوسٹ پول دھاندلی کی گئی، بدھ کو احتجاج کریں گے۔

پشتونخواہ نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال کاکڑنے دیگر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات ملکی تاریخ کے بدترین انتخابات ہیں، فوجی آمروں کے دور میں بھی ایسے بدترین الیکشن نہیں ہوئے، پری پول اور پوسٹ پول دھاندلی کی گئی ہے۔

خوشحال کاکڑ نے کہاکہ جو حلقہ بندیاں بنائی 2018ء میں یہ حلقہ بندیاں چیلنج ہوئی تھیں، لوگوں کے ووٹ کو ایک حلقہ سے دوسرے حلقے تک منتقل کیا گیا، حلقہ بندیوں کے خلاف ہم الیکشن کمیشن اور عدالت گئے، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے دھمکی دی تھی کہ آپ کو انتخابات نہیں جیتنے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جو پولنگ عملہ تعینات کیا گیا وہ جانبدار تھا، این اے 251 میں 36 گھنٹے تک نتائج روکے رکھے، ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ نے کس حیثیت میں فارم 45 روکے رکھا، ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ نے پریذائیڈنگ آفیسرز کے ساتھ مل کر نئے فارم 45 بنائے۔

خوشحال کاکڑ نے کہا کہ اس ملک کے ساتھ غداری کی گئی ہے، 18ویں ترامیم کو ختم کرانا چاہتے ہیں، اگر ہم صاف اور شفاف انتخابات کی بات کریں تو ہمیں غدار کہا جاتا ہے، بدھ سے صوبے بھر میں قومی شاہراہ کو بھی بلاک کیا جائے گا۔