لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وفاق میں حکومت سازی کیلئے پی ٹی آئی ایک اور یوٹرن لے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سیاسی برادری پرپے درپے حملے کرنے کی بجائے مکالمہ کیا ہوتا تو آج یہ دن نہ آتا، سیاسی بگاڑ اور رسہ کشی کے سب سے بڑے بینفشری اور ذمہ دار خود بانی پی ٹی آئی ہیں۔
— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) February 16, 2024
لیگی رہنما نے کہا کہ وفاق میں حکومت سازی کیلئے مولانا فضل الرحمان کے بعد پی ٹی آئی بہت جلد زرداری صاحب کے درِ دولت پر حاضری دے کر ایک اور یوٹرن لے گی۔
ایک اور پیغام میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جناب مولانا فضل الرحمان جید عالم دین اور رکھ رکھاؤ کے حامل بہادر دانشمند سیاسی رہنما ہیں، ان کے مؤقف سے اختلاف کیا جاسکتا ہے احترام سے نہیں۔
— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) February 15, 2024
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے مولانا کی بہت تضحیک کی، بہتان لگائے اور گالیاں دیں، آخر کار پی ٹی آئی قیادت کو ان کے درِدولت پر حاضر ہونا ہی پڑا، ہر کہی بات منہ پر ہی آتی ہے، سو اسی قدر کہا جائے جتنا برداشت کرسکیں۔