لاہور: (دنیا نیوز) حکومت سازی کیلئے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے رابطے پھر بحال ہونے لگے۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
لطیف کھوسہ کا لیاقت بلوچ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اشتراک عمل پر سراج الحق کا موقف اصولی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اشتراک عمل صرف خیبرپختونخوا کی سطح پر نہیں، وفاقی سطح پر بھی کیا جانا چاہیے، آج بانی پی ٹی آئی سے میری ملاقات ہے، ملاقات کے بعد جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطہ کروں گا۔
اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں مذاکرات کا راستہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم کا آج جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف سے رابطہ کیا، عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ اسد قیصر کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم جماعت اسلامی کی قیادت سے ملنا چاہتی ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا تھا کہ ملاقات کا وقت اور جگہ قیادت سے مشاورت کے بعد بتائیں گے۔