اسلام آباد: (دنیانیوز) استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چودھری نے کہا ہے کہ میں این اے 128 لاہور سے کامیاب ہوا، سلمان اکرم راجہ کس حیثیت سے آر او کے دفتر گئے تھے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عون چودھری نے کہا کہ مجھے کامیابی کا نوٹیفکیشن 9تاریخ کو ملا، وکلاء برادری ہمارے لیے بہت قابلِ عزت ہے ، سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس آفیسر لاہور کی طرف سے ایک رپورٹ ملی، سلمان اکرم راجہ کے لوگوں نے لاہور میونسپل کارپوریشن کے ملازمین پر تشدد کیا اور پھینک دیا، یہ سمجھتے ہیں اپنے کالے کوٹ میں جوکچھ کریں گے وہ قانون ہے، ہم لوگ جو کریں گے وہ قانون نہیں ہے۔
عون چودھری نے کہا کہ 8اور9فروری کی رات ان کے لوگ آراو کے دفتر پر دھاوا بولتے ہیں، ان کے لوگوں نے اپنی مرضی کے رزلٹ بنانے کیلئے زور دیا، ہمارے تو کوئی خاندان کا بندا آراو کے دفتر میں نہیں تھا، سلمان اکرم راجہ اپنے 70لوگوں کے ساتھ آر او آفس گئے، ان کے لوگوں نے آر او آفس میں ہوائی فائرنگ کی، جب ہم نے اعتراض کیا تو وہاں ایک ماحول بنا دیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اگلے دن فارم 47ملا اور جیت کا پیغام چلا، سلمان اکرم راجہ نے لاہور کورٹ سے رجوع کیا اور اسٹے لیا، جو جیتتا ہے ہم اس کو مبارکباد دیتے ہیں۔
عون چودھری نے مزید کہا کہ یہ ایک ہی گردان کررہے ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے، ہم اس ملک کے ساتھ کسی کو نہیں کھیلنے دیں گے، یا آپ سیاست کرلیں یا فاشزم کرلیں، کالاکوٹ پہن کرباقی لوگوں کی عزت کو خراب نہ کریں،آپ جمعہ جمعہ آٹھ دن میں سوکالڈ لیڈر بنے ہیں۔
آئی پی پی رہنما نے کہا کہ جس فارم 45کے مطابق یہ جیت رہے ہیں انکی نظر میں وہ ٹھیک ہے، سلمان اکرم راجہ شرافت کا لبادہ اوڑھے بیٹھے ہیں، میونسپل کارپوریشن کے لوگوں پر انہوں نے تشددکیا، آج ان کا اصل چہرہ لوگوں کے سامنے لارہا ہوں، یہ میرا پانچواں الیکشن ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عون چودھری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا تھا۔
سلمان اکرم راجہ کی جانب سے عون چودھری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر کے آج جواب طلب کر رکھا تھا۔