وزیر مذہبی امور انیق احمد کی سعودی سفیر سے ملاقات، حج انتظامات پر تبادلہ خیال

Published On 16 February,2024 11:11 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران حج انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات سعودی سفارتخانے میں ہوئی، ملاقات میں نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ پاکستانی حجاج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر سعودی حکام کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔

وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور سعودی سفیر کے بہترین تعاون کی بدولت پاکستانی عازمین حج کی سہولیات کو مثالی بنانے میں کامیاب رہے ہیں، حج انتظامات کو بروقت مکمل کیا جائے گا، اس سلسلے میں وزارتِ مذہبی امور اور پاکستان حج مشن سعودی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی ہدایات کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم کے ذریعے حج کرنے کے خواہشمند عازمین کو مزید آسانی فراہم کی گئی ہے، حج کمپنیوں پر مشتمل 146 منظم کمپنیاں تشکیل دی جا چکی ہیں ان کے کوائف وزارت مذہبی امور پر آویزاں کئے جا چکے ہیں اور عازمینِ حج کی بکنگ کا عمل شروع کیا جا چکا ہے۔

سعودی سفیر نے پرائیویٹ حج کمپنیوں کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ایئرپورٹ سے "روڈ ٹو مکہ" پراجیکٹ کو حتمی شکل دینے کیلئے سینئر سعودی حکام فروری کے آخری ہفتے میں پاکستان کا دورہ کریں گے، سرکاری عازمین کے ساتھ پرائیویٹ حج سکیم کے عازمین کو بھی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا جائے گا۔