اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپانسر شپ سکیم کے تحت حج درخواستوں کی مطلوبہ تعداد موصول نہ ہونے پر تاریخ میں ایک ہفتہ توسیع کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق 25 ہزار کوٹے پر صرف 3161 درخواستیں موصول ہوئیں، 21 ہزار 839 درخواستیں مزید وصول کی جائیں گی، سرکاری ریگولر حج سکیم کے تحت 63 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، ریگولر سکیم کے تحت درخواست جمع کرانے کا ایک روز باقی ہے۔
ریگولر سکیم کے تحت خوش نصیب عازمین حج کا فیصلہ قرعہ اندازی سے کیا جائے گا، کوٹے سے زائد درخواستیں موصول ہونے کے سبب ریگولر حج سکیم میں توسیع نہیں کی جائے گی، حج کے خواہش مند اب سپانسر شپ سکیم کے ذریعے فریضہ حج ادا کر سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سپانسر شپ سکیم کے تحت بیرون ملک سے ڈالرز میں درخواستیں جمع کرائی جا سکتی ہیں، سپانسر شپ سکیم قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہے، سپانسر شپ سکیم کی تاریخ میں توسیع کا اعلان جمعہ کو کیا جائے گا۔