اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کی اجازت کیلئے درخواست مسترد کر دی گئی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے درخواست موصول ہونے کے بعد کہنا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ ہے جس کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت میں کسی بھی سیاسی جماعت اور تنظیم کو احتجاج یا ریلی نکالنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔
اسلام آباد انتظامیہ نے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری کسی بھی سیاسی اجتماع کا حصہ بننے سے گریز کریں ورنہ اسلام آباد پولیس احتجاجی سرگرمی میں شریک افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی جانب سے آج انتخابات میں دھاندلی کیخلاف ہونے والے احتجاج کی اجازت کیلئے ڈی سی اسلام آباد کو درخواست جمع کروائی گئی تھی۔