لیگی رہنماؤں کا نوازشریف کو آزاد امیدواروں سے ملکر حکومت بنانے کا مشورہ

Published On 16 February,2024 09:23 pm

لاہور:(دنیا نیوز) قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، پارٹی رہنماؤں نے آزاد امیدواروں سے ملکر حکومت بنانے کا مشورہ دے دیا۔

رائیونڈ جاتی امرا میں قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں شہباز شریف ،مریم نواز ،اسحاق ڈار ،مریم اورنگزیب، سعد رفیق ،اعظم نذیر ،ایاز صادق ،احسن اقبال رانا تنویر ،سلمان شہباز اور ملک احمد خان ودیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں مرکزی رہنما مسلم لیگ ن اسحاق ڈار نے الیکشن کے بعد پیدا ہونے والی موجود صورتحال پر پارٹی قائد میاں نوازشریف کو بریفنگ دی۔

اجلاس کے شرکا نے قائد مسلم لیگ ن کو تجویز دی کہ ملک میں پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت ہمیں نہیں لینی چاہیے اور نہ ہی مرکز میں حکومت بنانے کے لیے کسی بھی اتحادی جماعت کی غیر اصولی بات کو نہیں ماننا چاہیے۔

قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے اجلاس میں پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ مسلم لیگ ن کا مرکز میں حکومت لینے کا صرف ایک مقصد ہے کہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے اور ریاست کو بچانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں مسلم ن لیگ اور آزاد اراکین کے ساتھ مل کر آسانی سے حکومت بنا سکتی ہے، ہمیں صرف اسی پر فوکس کرنا چاہیے کیونکہ ن لیگ کی پنجاب میں آزاد اراکین کو ساتھ ملا کر تعداد 154 ہو گئی ہے ۔