کراچی: (دنیا نیوز) سینئر سیاسی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملکی حالات انتہائی خراب ہیں، آج وہ لیڈر شپ نظر نہیں آرہی جو مسائل حل کرسکے۔
سینئر سیاسی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ لٹریچر فیسٹیول میں بات چیت مجھے اردو میں کرنے دیں، اردو ہماری قومی زبان ہے، سیاست میں موجود ہر شخص آج کی صورتحال کا ذمہ دار ہے، اس الیکشن نے یہ ثابت کردیا ہے کہ یہ سب ہماری غلطی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب معاملات بگڑ جائیں تو حالات یہی ہوتے ہیں، آج وہ لیڈر شپ نظر نہیں آرہی ہے جو مسائل حل کرسکے، ملک کے حالات دیکھ لیں اجتماعی لیڈرشپ کی قلت رہی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ عدلیہ، انتظامیہ سب الگ ہیں، ہم سب کا یہ نقصان ہے، اس الیکشن نے بتایا کہ اگر ہم سیاست اقتدار کے لئے کریں گے تو ملک نہیں چلے گا، الیکشن مہم دیکھیں کسی جماعت نے ملک کی بات نہیں کی۔
شاہد خاقان عباسی نے مزیدکہا کہ آج جو جماعتیں ہیں سب اقتدار میں رہ چکی ہیں، یہ کہنا کہ اقتدار دے دو ہم دکھائیں گے یہ غلط ہے، جو حالات ہیں اس کو ٹھیک کرنے کے لئے کوئی تیار نہیں ہوگا۔