لیاری گینگ وارعذیرگروپ کا مطلوب ملزم ساتھی سمیت گرفتار،دوران تفتیش اہم انکشاف

Published On 17 February,2024 10:46 am

کراچی: (دنیانیوز) نبی بخش پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وارعذیرگروپ کے مطلوب ملزم عرفان عرف کاکل کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے تفتیش کے دوران اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، گرفتار ملزم عرفان دہشتگردی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے، عرفان کاکل عذیر بلوچ گروپ کے کمانڈر فدا بھائی جان کے لیے کام کرتا ہے، فدا بھائی جان دبئی میں عرصہ دراز سے روپوش ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم عرفان کاکل 2014 میں پولیس رینجرز آپریشن کے بعد دبئی فرار ہوگیا تھا،ملزم نے بیان میں انکشاف کیا کہ شیر شاہ مچھلی مارکیٹ کی مختلف دکانوں سے بھتہ وصولی کرتے تھے، ہم نےمچھلی مارکیٹ میں ٹارچر سیل بنا رکھا تھا، شیر شاہ میراں ناکہ سے لسانی بنیاد پر لڑکوں کو اغواء کرتے تھے، مغویوں کو سہارا پمپ جے سیون اور مچھلی مارکیٹ ٹارچر سیل لے جاتے تھے، ٹارچر سیل میں مغوی لڑکوں پر بدترین تشدد کرتے تھے۔

گرفتار ملزم عرفان کاکل نے بیان میں بتایا کہ فیصل پٹھان اور عذیر کے کہنے پر ان کو مارکر لاشوں کو مختلف مقامات پر پھینک دیا جاتا تھا، عذیر بلوچ کے کہنے پر جہان آباد میں ارشد پپو کے گھر پر آگ لگائی، ملزم عرفان کراچی آتا ہے تو فدا کے احکامات پر کارروائیاں کرتا ہے۔ 

پولیس کا بتانا ہے کہ گرفتار ملزم دبئی سے فدا کے احکامات پر دوبارہ گروہ منظم کر رہا تھا، ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔