ٹھٹھہ: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کے آخری دو سال وزیراعظم بننے کی آفر کی گئی میں نے انکار کر دیا۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹھٹھہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کہا گیا تین سال میاں صاحب وزیراعظم، اگلے دو سال میں وزیراعظم بن جاؤں، میں اس طرح وزیراعظم نہیں بننا چاہتا، منتخب ہوکر وزیراعظم بنوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: عوام نے 5 سال سلیکٹڈ راج بھگتا، اب قبول نہیں کریں گے: بلاول بھٹو زرداری
بلاول بھٹو نے کہا کہ مرکز میں وزیراعظم کو ووٹ دیں گے لیکن وزارتیں نہیں لیں گے، مخالفین کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف اپنے آپ کو مولانا کہتے ہیں اور مولانا کہہ کر جھوٹ بولنا مذاق ہے، ایک پیر کہہ رہا ہے دھاندلی ہوئی ہے، آپ کو تو ہم نے 3،4 بار ہرایا ہے۔
چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ میں دو سیٹوں میں سے ایک سیٹ چھوڑ رہا ہوں، پیر ہوں یا مولانا آکر مقابلہ کر لیں اور دیکھ لیں آپ کی اوقات کیا ہے، ہم سے ہمیشہ ہارنے والے پیر کبھی کبھار اپنا دیدار کراتے ہیں، وہ اپنے مریدوں کو دیکھ کر سمجھتے ہیں الیکشن جیت جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کچھ لوگوں کو ہواؤں کے رُخ اُن کی طرف ہونے کی غلط فہمی ہے: بلاول بھٹو
انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں میں لگی آگ کو بجھانے کیلئے ایک بار پھر پاکستان کھپے کا نعرہ لگاتا ہوں، وفاق اور جمہوریت کو خطرہ ہوا تو کارکنوں کو نکلنے کی کال دوں گا، ملک میں آمرانہ نظام لانے کی کوشش کی تو سخت مزاحمت کریں گے، سندھ میں حکومت فارم 45 کی بنیاد پر بنے گی، پیپلزپارٹی کا ووٹ لینا ہے تو وزارتیں نہیں سندھ کے عوام کو منصوبے دیں۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ بہت سارے سیاستدان مجھ سے عمر میں تو بڑے ہیں پر وہ عوام کا نہیں اپنا سوچتے ہیں، جس کا نقصان پورے ملک اور عوام کو ہو رہا ہے جبکہ ہونا یہ چاہئے تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور سیاستدان عوام کے مفاد کا سوچتے۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ سہارا نہ ڈھونڈے، اپنے بل بوتے پر سیاست کرے: بلاول بھٹو
بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن اس لئے نہیں لڑرہا تھا کہ اسلام آباد کی کرسی پر بیٹھنا ہے، میرے پاس ایسے بھی فارم 45 ہیں جس کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار جیت چکے ہیں لیکن ن لیگ اور ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کی جیت کا اعلان کیا گیا۔
چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ میں اس لئے الیکشن لڑ رہا تھا پاکستان کے عوام مشکلات میں ہیں، عوام نے ثابت کردیا چاروں صوبوں کی زنجیر پیپلز پارٹی ہے، صدارتی الیکشن میں آصف زرداری پیپلزپارٹی کے امیدوار ہوں گے۔