سپریم کورٹ میں عام انتخابات کو کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت آج ہو گی

Published On 19 February,2024 01:09 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں 8 فروری 2024ء کے عام انتخابات کو کالعدم قرار دینے کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت آج ہو گی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ عام انتخابات کو کالعدم قرار دینے سے متعلق دائر ہونے والی درخواست پر سماعت کرے گا۔

جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی بینچ کا حصہ ہوں گے، سماعت کے دوران ممکنہ طور پر کمشنر راولپنڈی کے الزامات کا بھی جائزہ لئے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا دھاندلی اورانتخابی نتائج میں مبینہ تبدیلی کا عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

بریگیڈیئر (ر) علی خان کی جانب سے دائر درخواست میں اپیل کی گئی ہے کہ پری پول دھاندلی، نتائج میں تاخیر کے بعد جمہوری اصولوں کو خطرہ لاحق ہے، سپریم کورٹ اپنی نگرانی میں 30 دن کے اندر نئے انتخابات کا حکم دے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کر لیا، مقدمہ الیکشن کمیشن کے رولز اور فوجداری ضابطہ کی خلاف ورزی پر درج کیا جائے گا، لیاقت چٹھہ کیخلاف مقدمہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی مدعیت میں درج ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کا احتجاجی سیاست کرنے اور سڑکوں پر نکلنے کا اعلان

ذرائع کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ نے ملک میں انتخابی عمل اور نتائج کے حوالے سے افراتفری پھیلانے کی کوشش کی، پنجاب کی نگران کابینہ نے مقدمہ درج کرنے کی منظوری دی، مقدمہ درج کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے سفارش لی گئی تھی۔