لیاقت چٹھہ کے الزامات: انکوائری کمیٹی کی فوجداری کارروائی کی تجویز

Published On 21 February,2024 10:05 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق کمشنر لیاقت چٹھہ کے دھاندلی الزامات کے معاملہ پر الیکشن کمیشن انکوائری کمیٹی نے ٹاسک مکمل کر لیا۔

ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی نے رپورٹ کا ابتدائی ڈرافٹ مکمل کر لیا، الیکشن کمیشن انکوائری کمیٹی نے سابق کمشنر کیخلاف فوجداری کارروائی تجویز کر دی۔

چیف الیکشن کمشنر کیخلاف الزامات پر توہین چیف الیکشن کمشنر کی کارروائی کی بھی تجویز دی گئی ہے، انکوائری کمیٹی نے ڈی آر اوز اور ریٹرننگ افسران کے بیانات کو رپورٹ کا حصہ بنایا ہے۔

ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں پیمرا ٹرانسکرپٹ کو حصہ بنایا گیا ہے، ڈسٹرکٹ اینڈ ریٹرننگ افسران نے سابق کمشنر لیاقت چٹھہ کے بیانات کی نفی کی ہے۔

راولپنڈی ڈویژن کے ڈسٹرکٹ اینڈ ریٹرننگ افسران نے انتخابات کو صاف وشفاف قرار دیا۔