راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر دھمکی آمیز مہم چلانے والے ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔
ملزم عبدالواسع کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے سائبر کرائم راولپنڈی کے حوالے کر دیا گیا، ایف آئی اے سائبر کرائم نے ملزم کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
ملزم کا جسمانی ریمانڈ مجسٹریٹ عدیل سرور سیال کی عدالت سے حاصل کیا گیا، ایف آئی اے سائبر کرائم کی ٹیم ملزم کو لے کر واپس روانہ ہو گئی۔
یاد رہے کہ عبدالواسع نامی شخص راولپنڈی کا رہائشی ہے، ملزم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر چیف جسٹس کو دھمکیاں دیں اور کردار کشی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے چیف جسٹس کیخلاف سوشل میڈیا مہم میں بھی حصہ لیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عبدالواسع کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کیخلاف سوشل میڈیا مہم کے دیگر کرداروں کی شناخت کا عمل جاری ہے، باقی ملوث افراد کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔