اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کیلئے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔
انٹراپارٹی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا وقت سہ پہر 3 بجے تک تھا، بانی پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار برائے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔
مرکزی تنظیم کیلئے بانی پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار برائے جنرل سیکرٹری عمر ایوب کی قیادت میں 15 رکنی پینل کے کاغذات بھی جمع ہوگئے، سندھ سے اشرف قریشی، بلوچستان سے محمد اسلم اور خیبرپختونخوا سے نوید انجم نے بھی چیئرمین کیلئے کاغذات جمع کرائے۔
پنجاب سے ڈاکٹر یاسمین راشد کے علاوہ محمد خان مدنی اور اسد حنیف نے صوبائی تنظیم کیلئے پینلز کے کاغذات جمع کرا دیئے، سندھ کی تنظیم کیلئے بانی پی ٹی آئی کے نامزد کردہ حلیم عادل شیخ اور خاوند بخش کی قیادت میں دو پینلز کے کاغذات موصول ہوئے۔
بلوچستان سے بانی پی ٹی آئی کے نامزد ڈاکٹر منیر بلوچ کے علاوہ 5 دیگر افراد نے پینلز کے ہمراہ کاغذات جمع کرا دیئے، بلوچستان کی تنظیم کیلئے کاغذات جمع کرانے والوں میں سید جعفر آغا، نوابزادہ امین اللہ، داؤد شاہ، سید عبدالصادق اور بابر مرغزانی شامل ہیں۔
خیبرپختونخوا سے بانی پی ٹی آئی کے نامزد علی امین گنڈا پور کی قیادت میں پینل کے کاغذات نامزدگی بھی موصول ہوئے، پی ٹی آئی فیڈرل الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغذات وصولی کیلئے مرکز اور صوبوں میں الگ الگ ریٹرننگ افسران مقرر کئے گئے تھے۔
ملک بھر میں تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات طے شدہ شیڈول کے مطابق 3 مارچ کو منعقد کئے جائیں گے۔