نگران وزیراعلیٰ نے مزار بی بی پاکدامن کے نئے راستے کا فتتاح کر دیا

Published On 26 February,2024 09:20 am

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جاتے جاتے ایک اور منصوبے کا افتتاح کر دیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شب برات کے بابرکت موقع پر نگران صوبائی کابینہ کے ہمراہ ایمپرس روڈ سے بی بی پاکدامن مزار تک 20 فٹ چوڑی نئی سڑک کا افتتاح کیا۔

محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کو براہ راست ایمپرس روڈ سے منسلک کرنے والی سڑک کا جائزہ لیا اور کام کے معیار کو سراہا جبکہ انہوں نے زائرین کی سہولت کیلئے ایمپرس روڈ کے قریب پارکنگ کی نئی جگہ کا بھی معائنہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مزار بی بی پاکدامن کی جانب جانیوالے نئے راستے سے زائرین کو بہت سہولت ملے گی، اس علاقے میں ٹریفک جام رہنے کا مسئلہ حل ہو گا۔

بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن پر حاضری دی اور دعا کی، انہوں نے ملک کے استحکام، سالمیت اور امن کیلئے خصوصی دعا بھی مانگی۔