واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کی جانب سے ایک بار پھر پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے معاملے میں مداخلت نہ کرنے کا عزم دہرایا گیا ہے۔
میتھیو ملر نے پریس کانفرنس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی حکومت کی تشکیل پاکستانی قیادت کے زیر عمل ہے ہم اس میں فریق نہیں، یہ ایسی چیز نہیں کہ اس پر ہم تبصرہ کریں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا نئی حکومت کا قیام پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، ہم پاکستان میں حکومت کو اس انداز میں آگے بڑھتے دیکھنا چاہتے ہیں جو پاکستانی عوام کی مرضی کی عکاسی کرے۔
میتھیو ملر نے مزید کہا ہے کہ پاکستان میں حکومت سازی کے معاملے پر کوئی دخل اندازی نہیں کریں گے تاہم انتخابات سے متعلق رپورٹ کردہ بے ضابطگیوں کی جلد از جلد تحقیقات مکمل ہونی چاہیئں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایران گیس معاہدے پر جاری پیشرفت سے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتا، پاک ایران گیس پائپ لائن پر رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد تبصرہ کریں گے۔