اسلام آباد: (دنیا نیوز) سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں ملیں گی یا نہیں؟ الیکشن کمیشن کی جانب سے آج فیصلہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کا پانچ رکنی بینچ آج سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں دینے کے حوالے سے سماعت کرے گا، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کو نوٹس جاری کر دیا گیا، الیکشن کمیشن نے آج کیلئے کیسز کی کاز لسٹ جاری کر دی۔
گزشتہ روز مخصوص نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں دینے کا معاملہ اوپن کورٹ میں سننے کا فیصلہ کیا تھا، الیکشن کمیشن کے مطابق اوپن کورٹ میں سماعت سے قانونی معاونت ہوگی۔
مخصوص نشستوں کا فیصلہ بروقت نہ ہونے پر خیبرپختونخوا کے نامزد وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اسمبلی میں آزاد حیثیت سے حلف لینے کا فیصلہ کیا ہے، علی امین گنڈاپور نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار نہیں کی اور وزیر اعلیٰ کا انتخاب بغیر پارٹی لڑیں گے۔
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومتیں غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے میں ناکام رہیں، الیکشن کمیشن اپنی ناکامی تسلیم کرے، انتخابی نتائج کے ردوبدل پر سپریم کورٹ کمیشن بنائے جس میں سیاسی قیادت بھی شامل ہو، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، دانشمندی اسی میں ہے جو جہاں جیتا اسے کامیاب قرار دیا جائے۔