اسلام آباد:(دنیا نیوز) ملک بھر میں الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی دیگر جماعتوں سے مل کر 2 مارچ کو احتجاج کرے گی۔
پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے وہ پر اعتماد ہیں، حالیہ الیکشن میں دھاندلی نہیں دھاندلا ہوا ہے، ایک جنبش قلم نے ہماری نشستوں پر ضرب لگادی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا ہے، کل بھی لودھراں میں ہماری سیٹ پر شب خون مارا گیا ہے، ہمارے امیدوار کو ایم این اے کا کارڈ تک ایشو ہوا تھا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم لوگ عدالتوں اور اسمبلیوں میں بھی احتجاج کریں گے،عوام نے مینڈیٹ بانی پی ٹی آئی کو دیا ہے، ہماری لڑائی حق اور سچ کی لڑائی ہے، ہمارے پاس فارم 45 موجود ہیں۔
عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں عامر ڈوگر کو سپیکر کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے، ڈپٹی سپیکر کیلئے قومی اسمبلی میں مالاکنڈ سے جنید خان کو نامزد کیا گیا ہے۔