لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں 358 ارب کا سپلیمنٹری بجٹ منظور کرلیا گیا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس 3 گھنٹے 15 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کی صدارت سپیکر ملک محمد احمد خان نے کی، زیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز ہوا تو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیاسی تناؤ میں کمی لانے کیلئے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے اپوزیشن بنچز پر جا کر سنی اتحاد کونسل کے رہنما رانا آفتاب سے ملاقات کی۔
اجلاس کے دوران پنجاب حکومت کے اخراجات جاریہ کے بجٹ کی منظوری کے لئے موشن ایوان میں پیش کردی گئی،لیگی رکن اسمبلی مریم اورنگزیب نے ایک ماہ کے اخراجات کی موشن ایوان میں پیش کی۔
اجلاس میں 358 ارب کا روپے کا سپلیمنٹری بجٹ منظور کر لیا گیا، بعدازاں پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔
قبل ازیں پنجاب اسمبلی میں رانا آفتاب احمد کی زیر صدارت ہونے والا سنی اتحاد کونسل کا پارلیمانی اجلاس ختم ہو گیا، سنی اتحاد کونسل کے اجلاس میں آج اخراجات جاریہ کی بجٹ کی منظوری کے ایجنڈے کاجائزہ لیاگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کےاراکین اسمبلی نے بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اسمبلی اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔