اسلام آباد: (دنیانیوز) رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمر ایوب نے قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان نامکمل ہے، ایوان میں ہماری خواتین کو مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ نہیں کی گئی۔
ایوان میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے عہدے کے لیے نامزد امیدوار عمر ایوب نے کہا کہ راجا پرویز اشرف نے بطور سپیکر حلف کی پاسداری کی، ہم نے جو حلف اٹھایا اس میں لکھا ہے کہ قانون کی پاسداری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس ہاؤس کا چوتھی دفعہ رکن بنا ہوں، ہماری خاتون ممبر عالیہ حمزہ جیل میں ہیں ان کا نام مخصوص نشستوں کی لسٹ میں ہے ، انہیں یہاں نہیں لانے دیا گیا۔
عوام کا نمائندہ تب بن سکتے ہیں جب عوام کا مینڈیٹ ہو: بیرسٹر گوہر
بیرسٹر گوہر نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا نمائندہ تب بن سکتے ہیں جب عوام کا مینڈیٹ ہو ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا الیکشن اس وقت تک ہوتا ہے جب اسمبلی پوری ہو، اس وقت یہ ہاؤس نامکمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپیکر صاحب آپ کے دائیں جانب اجنبی اس ایوان میں بیٹھے ہیں، آرٹیکل 51 تھری کے مطابق قومی اسمبلی 336 نشستیں پر مشتمل ہے، اس میں خواتین کے لئے 60 اور غیر مسلموں کے لئے 10 نشستیں مختص ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے ریزرو امیدوار نہیں آتے یہ کارروائی مؤخر ہونی چاہیے، عوامی مینڈیٹ کے مطابق ہمارے اراکین کی تعداد 186ہے، آئین پر عملدرآمد کیے بغیر ملک آگے نہیں جاسکتا۔
قومی اسمبلی میں خواجہ آصف کی تقریر کے دوران نعرے بازی کی گئی اور ووٹ چور کے نعرے لگائے گئے جس کے بعد سپیکر نے اجلاس کل صبح دس بجے تک ملتوی کردیا۔