اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپسوس (IPSOS) نے الیکشن 2024ء کی شفافیت اور دھاندلی کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی۔
اپسوس (IPSOS) نے چاروں صوبوں سے 11 تا 19 فروری کے دوران 3 ہزار سے زائد لوگوں کا سروے کیا، جنہوں نے انتخابات کی شفافیت اور دھاندلی کے حوالے سے اپنی رائے دی، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے حوالے سے ہر 5 میں سے 3 پاکستانیوں کا خیال ہے کہ ’’انتخابات کا انعقاد شفاف تھا۔‘‘
سروے کے مطابق 58 فیصد عوام کا خیال ہے کہ ’’الیکشن 2024ء کے انتخابات شفاف اور منصفانہ تھے‘‘ پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے عوام کا خیال ہے کہ ’’الیکشن کے دن کا عمل منصفانہ اور شفاف تھا‘‘ پنجاب میں 63 فیصد، سندھ میں 62 فیصد، بلوچستان میں 55 فیصد، اسلام آباد میں 61 فیصد جبکہ خیبر پختونخوا میں 33 فیصد عوام کے مطابق الیکشن شفاف کروائے گئے۔
انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے 54 فیصد پاکستانیوں کا خیال ہے کہ انتخابات شفاف منعقد ہوئے جبکہ 39 فیصد کا خیال ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی، انتخابات میں دھاندلی کے مجموعی تاثر کے حوالے سے عوام کا خیال ہے کہ خیبرپختونخوا میں 73 فیصد، اسلام آباد میں 49 فیصد جبکہ سندھ میں سب سے کم 28 فیصد دھاندلی ہوئی۔
سروے کے مطابق تمام صوبوں میں سے خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ دھاندلی ہوئی جو کہ 83 فیصد تھی، موبائل سروس بند کرنے کے حوالے سے 16 فیصد خیبر پختونخوا جبکہ 45 فیصد بلوچستان کے عوام نے اس عمل کو بہترین قرار دیا۔
انتخابات کے بعد اپسوس رپورٹ کے سروے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہوا۔