اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ (ن) حنیف عباسی نے کہا ہے کہ اس وقت کسی بھی سیاسی جماعت کیلئے حکومت پھولوں کی سیج نہیں، 16 ماہ کی حکومت کا ڈنکے کی چوٹ پر دفاع کرتا ہوں۔
اتحادی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نہ ہوتے تو ملک ڈیفالٹ کر چکا ہوتا، پی ٹی آئی کا ہمیشہ سے ہی دھاندلی کا بیانیہ رہا ہے، پوری قوم کو بتایا ہے کہ روز جو دھاندلی کا رونا رویا جا رہا ہے یہ ہمیشہ سے چلا آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسا وقت نہیں دیکھا، پاکستان میں عدم استحکام کی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے، ملک کو جمہوریت کی طرف لے جانا ہمارا فرض ہے، تمام اتحادیوں کو شہباز شریف پر مکمل اعتماد ہے، آج ہم اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر وزیر اعظم کیلئے 200 ووٹ حاصل کریں گے۔
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ 16 ماہ کی حکومت کا ڈنکے کی چوٹ پر دفاع کرتا ہوں، نگران حکومت نے دن رات محنت کی، ملک کو معاشی چیلنجز سمیت کئی مسائل کا سامنا ہے، آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔
الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں جانا اپوزیشن کا حق ہے: امین الحق
اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما امین الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ میں جانا اپوزیشن کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ن لیگ کے ساتھ کھڑی ہے، ملک میں سیاسی ڈائیلاگ چاہتے ہیں، ایم کیو ایم سمجھتی ہے 8 فروری کا الیکشن آزادانہ، صاف اور شفاف تھا، ہونا یہ چاہیے کہ ملک میں سیاسی استحکام لایا جائے۔
امین الحق کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی استحکام آئے گا، ہمیں 25 جولائی 2018 یاد ہے، شام کو آر ٹی ایس سسٹم بٹھا دیا گیا، ایم کیو ایم نے آئینی، قانونی اور جمہوری طریقہ کار اپنایا۔
پیپلزپارٹی ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے: اعجاز جاکھرانی
پیپلزپارٹی کے رہنما اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے، سب کو مل کر ملک چلانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی 2013 سے منفی باتیں کرتی آ رہی ہے اور بیانیہ بناتے ہیں، آپ ہر وقت دھاندلی کی بات کرتے ہیں، جہاں آپ جیتتے ہیں تو کہتے ہیں الیکشن ٹھیک ہوا ہے۔
رہنما پی پی نے کہا کہ ہماری پارٹی نے جمہوریت کی خاطر قربانیاں دی ہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو نے جمہوریت کی خاطر قربانیاں دیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کو آگے لے جانے کی بات کی۔