پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے انتخابی نتائج کے خلاف درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 روز میں جواب طلب کر لیا۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس شکیل احمد نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے انتخابی نتائج کی دستاویزات کی فراہمی کے لیے کیس کی سماعت کی۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ آپ فارم 45 مانگ رہے ہیں، جس پر علی گوہر درانی ایڈووکیٹ نے کہا کہ بالکل وہی مانگ رہے ہیں جو نہیں دیئے جارہے، مصدقہ دستاویز فراہم کی جائیں۔
بعدازاں پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 مارچ تک جواب طلب کر لیا۔
درخواست گزاروں میں پی ٹی آئی رہنما تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش، محمود جان اور علی زمان شامل ہیں جبکہ ملک شہاب، عاصم خان، حامد الحق اور ارباب جہانداد نے بھی انتخابی دستاویزات کی فراہمی کے لیے درخواستیں دی ہیں۔