راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے زیر صدارت 263 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس کے شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
شرکا کانفرنس نے کہا کہ شہدا نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دہشت گردی اور عسکریت پسندی کیخلاف حاصل شدہ اہداف کے فوائد مستحکم کرنے کی ہدایت کی، شرکا کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر بھارتی جبر پر تشویش کا اظہار کیا۔
شرکا کانفرنس نے بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی، فورم کے مطابق پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا اور غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے، ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کیلئے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ انتخابات کیلئے محفوظ ماحول مہیا کرنے پر سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سکیورٹی فورسز کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
کور کمانڈرز نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دیئے گئے مینڈیٹ کے مطابق عام انتخابات کے انعقاد کیلئے عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا، اس سے زیادہ افواج پاکستان کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا، کچھ مخصوص سیاسی عناصر مداخلت کے الزامات کے ساتھ افواج پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں۔
شرکا کانفرنس نے کہا کہ ایسے مفاد پرست عناصر کی پوری توجہ اپنی ناکامیوں کو پس پشت ڈال کر سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے پر مرکوز ہے، غیر آئینی اور بے بنیاد سیاسی بیان بازی کے بجائے ثبوت کے ساتھ مناسب قانونی عمل کی پیروی کی جائے۔
فورم نے مرکز اور صوبوں میں اقتدار کی جمہوری انداز میں منتقلی پر اطمینان کا اظہار کیا، شرکا کا کہنا تھا کہ انتخابات کے بعد کا ماحول پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام لائے گا، جمہوری استحکام ہی ملک کے آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔
کور کمانڈرز نے کہا کہ عسکری قیادت چیلنجز اور خطرات سے پوری طرح باخبر ہے، پاکستان کے عوام کی حمایت کے ساتھ اپنی آئینی ذمہ داریوں کو نبھانے کیلئے پُرعزم ہیں۔
فورم نے سکیورٹی خطرات سے نمٹنے اور سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعادہ کیا، شرکا نے کہا کہ سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری، غیر قانونی تارکین کی واپسی میں بھرپورمدد فراہم کی جائے گی۔
کور کمانڈرز کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی، فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، فورم نے بعض مذموم عناصر کی جانب سے پھیلائی جانے والی منظم جھوٹی اور جعلی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا۔
شرکا کانفرنس نے کہا کہ عوام مثبت اور متحد رہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں دل و جان سے حصہ لیں، پاک فوج قوم کا دفاع اور خدمت ہر ممکن طریقے سے جاری رکھے گی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آپریشنل تیاری اور فارمیشنوں کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔