مریم نواز سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

Published On 11 March,2024 12:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پاکستان میں تعینات کینیڈا کی ہائی کمشنر لیسلی سکنلین نے ملاقات کی۔

ایوان وزیراعلیٰ میں ہونے والی ملاقات میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان ریجن نیل سٹیوارڈ، فرسٹ سیکرٹری علیشا سوسا اور ٹریڈ کمشنر علی خان بھی شریک تھے، کینیڈین ہائی کمشنر لیسلی سکنلین نے مریم نواز کو پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

کینیڈین ہائی کمشنر نے مریم نوازشریف کی وزارت اعلیٰ کو پنجاب کے عوام کیلئے خوش کن تبدیلی قرار دیا۔

ملاقات میں کینیڈا اور پنجاب کے درمیان معاشی تعلقات کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا، کینیڈا کی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پنجاب کے طلبہ کے لئے سکالر شپ بڑھانے کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ کینیڈا کے ساتھ معاشی تعلقات کو بلند ترین سطح پر لے جانا چاہتے ہیں، کینیڈا میں مقیم سکھ کمیونٹی کو درشن اور مذہبی سیاحت کیلئے آمد پر خیر مقدم کیا جائے گا۔

کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز سے مل کر خوشی ہوئی،پنجاب کو اچھا لیڈر مل گیا۔
 

Advertisement